اٹک جیل کے عملے سے ہاتھا پائی کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے 2 وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ سٹی اٹک میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ افضال احمد وڑائچ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کے وکلاء شیر افضل خان اور عمیر خان نیازی نے جیل عملے سے جھگڑے کے دوران ہیڈ وارنٹ ابرار خان کی یونیفارم بھی پھاڑ ڈالی، دونوں وکلاء جیل لاک اپ ہونے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل پکٹ پر جیل لاک اپ ہونے کا وکلاء کو بتایا گیا، وکلاء مشتعل ہوئے اور جیل عملے سے ہاتھا پائی شروع کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کیخلاف ایف آئی آر میں سنگین دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے چیئرمین پی ٹی،آئی کو توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کیا گیا۔