نواب شاہ: ایس ایس پی شہید بینظیر حیدر رضا نے قومی کرکٹرز سے پولیس کی لوٹ مار کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔
کرکٹرز سے پیسے لینے والے 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ایس ایس پی حیدر رضا کے مطابق آئی جی سندھ کے احکامات پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔دوسری جانب قومی کرکٹرز سے پیسے لینے کے معاملے پر ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد نے انکوائری رپورٹ مرتب کر لی۔
ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد کے مطابق سکرنڈ تھانے کے 4 پولیس اہلکار ملوث پائے گئے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔سندھ پولیس حکام کے مطابق تھانہ سکرنڈ کے ایس ایچ او اور بڑے منشی کو غفلت پر معطل کیا گیا ہے اور انکوائری رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز عامر یامین اور صہیب مقصود نے سندھ پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے رشوت طلب کرنے کی داستان سوشل میڈیا پر بیان کردی تھی۔صہیب مقصود نے پولیس اہلکاروں پر 8 ہزار روپے لینے کا الزام عائد کیا تھا۔
عمران خان پارٹی چیئرمین شپ سے دستبردار، انٹرا پارٹی الیکشن میں نئے نام کا فیصلہ خود کریں گے
صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہم سندھ میں نہیں پنجاب میں رہتے ہیں، زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان بذریعہ روڈ سفر کیا۔انہوں نے لکھا کہ سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ 50 کلومیٹر کے بعد آپ کو روک کر پیسے مانگتی ہے اور نہ دینے کی صورت میں تھانے لے جانے کی دھمکی دیتی ہے۔
صہیب مقصود نے لکھا کہ سندھ پولیس میں کرپشن عروج پر ہے، ہم نے پولیس کو بتایا کہ ہم کرکٹرز ہیں اور کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد واپس ملتان جارہے ہیں پھر بھی انہوں نے ہم سے 8 ہزار روپے لے لیے۔اس واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر کرکٹر عامر یامین نے بھی تصدیق کی ہے۔
کرکٹر عامر یامین کے ٹوئٹ پر نوٹس لے لیا ۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں صہیب مقصود اور عامر یامین ملتان ریجن کی نمائندگی کر رہے تھے۔