کراچی میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد چند روز قبل لاہور سے کراچی پہنچے تھے
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
متاثرہ افراد چند روز قبل لاہور سے کراچی پہنچے تھے اور متاثرین میں 8 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں جبکہ ان کی عمریں 26 سے 77 سال کے درمیان ہیں۔
کراچی میں اب تک اومیکرون کے 44 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز ملک میں 482 کیسز سامنے آئے اور اس سے قبل 10 نومبر کو 637 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
کیسز کی تعداد کے ساتھ ساتھ کیسز مثبت آنے کی شرح بھی نومبر کے بعد ایک فیصد سے بڑھ گئی۔
پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 12 لاکھ 95 ہزار 376 کورونا کیسز کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 12 لاکھ 56 ہزار 337 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 406 رہی۔
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ: فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 اموات رپورٹ ہوئیں اور عالمی وبا کے باعث مرنے والوں کی مجموعی تعداد 28 ہزار 927 ہے۔
علاوہ ازیں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار 112 ہے جس میں سے 633 کی حالت تشویشناک ہے۔
صوبوں کے لحاظ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کی صورتحال کچھ یوں رہی:
- سندھ: 308 کیسز، 4 اموات
- پنجاب: 115 کیسز
- خیبرپختونخوا: 36 کیسز، ایک موت
- بلوچستان: 3 کیسز، ایک موت
- اسلام آباد: 53 کیسز
البتہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔