پاکستان مسلم لیگ(ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے خالی عہدے کے لیے نئے اسپیکر کا انتخاب کیا جارہا ہے۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی کی زیر صدارت جاری ہے۔
قبل ازیں اراکین اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ایوان میں داخل ہوئے اور ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کی۔
گزشتہ اجلاس میں رولز کی معطلی کی گئی تھی اور نئے اسپیکر کے انتخاب اور ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کے لیے قرارداد منظور کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ کیلئے چیف جسٹس کے نامزد کردہ 5 ججز کے نام کثرت رائے سے مسترد
اجلاس شروع ہونے سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ(ق) کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، اسد عمر اور عمر چیمہ نے بھی شرکت کی۔
میانوالی سے منتخب پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سبطین خان کو حکمران اتحاد پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) نے اسپیکر کے لیے نامزد کردیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے سیف الملوک کھوکھر اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کردیا ہے۔
دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی اسمبلی کے نئے سیکریٹڑی عنایت اللہ لک نے جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیے۔