نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ برائے دسمبر 2021 کی مد میں بجلی کی قیمت میں 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) نے 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس پر نیپرا نے یکم فروری 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اس کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔
نیپرا کے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل نومبر کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ صارفین سے 4 روپے 30 پیسے جنوری میں چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا۔
دسمبر کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ نومبر کی نسبت ایک روپے 20 پیسے فروری میں کم چارج کیا جائے گا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔