ڈالر ملک کی نئی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گیا اور آج انٹر بینک میں ڈالر 200 روپے 94 پیسے پر بند ہوا۔
امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج ڈالر 80 پیسے کے مزید اضافے کے بعد 201 روپے کا ہوگیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق پچھلے ہفتے میں ڈالر 7 روپے اور 61 پیسے مہنگا ہونے کے بعد آخری کاروباری روز یعنی جمعہ کو ڈالر 200.14 پر بند ہوا۔
آج کاروباری دن کے آغاز پرڈالر کی قدر میں ابتدائی لمحات میں صرف 6 پیسے کا اضافہ ہوا تاہم ٹریڈنگ کے دوران روپے کی قدر میں مزید 80 روپے کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعدڈالر اب 201.05 روپے پر ٹریڈ کرتا رہا اور دن کے اختتام پر 200 روپے 94 پیسے پر بند ہوا۔
شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد روپے کی قدر میں 18 روپے ایک پیسے کی کمی ہوئی ہے جب کہ ڈالرکی قدر میں اضافے سے ملکی قرضوں پر 2 ہزار ارب روپے کا بوجھ پڑچکا ہے۔
واضح رہے کہ نئی اتحادی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اور خاص طور پر گزشتہ دو ہفتوں سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے جس کی بنیادی وجہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی قرار دی جارہی ہے۔