انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان تاحال جاری ہے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قدر میں مسلسل 11ویں روز بھی اضافہ جاری رہا اور آج کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا۔
گزشتہ روز کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 200 تک جا پہنچا اور اختتام تک اس کی قدر 200 پر برقرار رہی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق آج کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں 40 پیسے اضافہ ہوا جس سے ڈالر200 روپے 40 پیسے کا ہوگیا لیکن اس دوران ڈالر کی قدر میں مزید 10 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر 200 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔
دوسری جانب حکومت بھی سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور چین سے مالی مدد حاصل کرنے میں اب تک ناکام رہی ہے تاہم حکومتی وفد کے آئی ایم سے مذاکرات جاری ہیں اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو امید ہے کہ اس حوالے سے جلد کوئی پیش رفت ہوسکتی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے معاشی ایمرجنسی کی بنیاد پر تمام امپورٹڈ گاڑیوں، موبائل فونز اور دیگر غیر ضروری لگژری اشیا پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔