کراچی : انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی امریکی ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 30 پیسے کا مزید اضافہ ہوا اور روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح 182 روپے 64 پیسے پر بند ہوا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 182 روپے 50 پیسے پر فروخت ہورہا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے انٹر بینک میں ڈالر 25 روپے10 پیسے بڑھ گیا جبکہ رواں مالی سال میں اب تک ڈالر 9 سے 15 فیصد بڑھا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کا مزید کہنا ہے کہ ڈالر میں اضافے کے باعث ملکی قرضوں میں 3200 ارب روپےکا اضافہ ہوگیا ہے۔