اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کو قتل کرنے اور اس کا سر تن سے کاٹنے کے ملزم ظاہر جعفر کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔
پیشی کے موقع پر عدالت سے پولیس کی جانب سےملزم کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے مزید 2 دن کی توسیع دی، جس پر ظاہر جعفر کو مزید تفتیش کے لیے دوبارہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا، اور عدالت نےملزم کو 2 اگست کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ شاہ خالد نے عدالت کو بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے مزید کردار سامنے آئے ہیں، اور 40 گھنٹے کی فوٹیج میں بہت سی نئی چیزیں سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت میں مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی، انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرا لیاگیا ہے، ملزم سے ریکوری ہو چکی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے؟