نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کی ملاقات ایک بار پھر ملتوی ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق راجا ریاض مصروفیت کے باعث آج وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرسکیں گے، گزشتہ روز بھی ان کی مصروفیت کی وجہ سے ملاقات ملتوی کردی گئی تھی۔
نگراں وزیر اعظم کی تقرری پر مشاورت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو آج اپوزیشن لیڈر راجا ریاض سے ملاقات کرنی تھی، دونوں جانب سے تین تین نام پیش کئے جانے تھے جن میں سے مشاورت کے بعد ایک نام کا اعلان ہوگا۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کرکے شہباز شریف کو بھیج دی، وہ سمری صدر مملکت کو ارسال کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کیلئے جو نام شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں ان میں سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کا نام بھی شامل ہے۔