پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے تیار کردہ پلان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے لئے پیر سے تصدیق شروع کردی جائیگی۔
اس ضمن میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ ہر روز تیس اراکین ذاتی طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونگے تاہم کوئی بھی رکن استعفوں کی تصدیق کےلیے نہ آیا تو فیصلہ اسپیکر اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کرینگے۔
سیکرٹریٹ کے مطابق کسی بھی رکن کا ذاتی طور پر تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ تمام ریکارڈ تصدیق کے بعد اسپیکر آفس کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے 123 اراکین نے قومی اسمبلی میں اپنے استعفے جمع کرائے ہیں۔
قبل ازیں اسپیکر کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کواستعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کیے جانے پر پارٹی رہنماؤں نے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد راجہ پرویز اشرف نے قانونی تجاویز طلب کی تھیں۔
اس معاملے میں قانونی و آئینی ماہرین کی جانب سے 3 تجاویز پیش کی گئیں ہیں جس کہ مطابق ممبران پیش نہ ہوئے تو استعفوں کو منسوخ کردیا جائے جبکہ ممبران پیش نہ ہوئے تو استعفوں کو قبول بھی کیا جاسکتا ہے اور ممبران پیش نہ ہوئے تو استعفوں کو زیر التواء رکھا جائے۔