کراچی : صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث سی پیک بند پڑا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر مراد سعید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر نے مواصلات کا نظام تباہ کردیا ہے۔ سندھ کے تمام منصوبے بند پڑے ہیں۔
سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ جامشورو سے سہون تک روڈ کی تعمیر کے لیے سندھ حکومت نے اپنا حصہ ادا کردیا ہے، اس کے باوجود منصوبے پر کام شروع نہیں کیا گیا یہ تبدیلی سرکار کی سندھ دشمن پالیسیاں ہیں۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگائی جارہی ہیں، وفاقی وزیر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سندھ حکومت پر الزام تراشی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا تجربہ، قابلیت اور کارگردگی ان کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چھبتی ہے، گورنر پنجاب کے انکشافات کے بعد وفاقی وزراء بدحواس ہوگۓ ہیں۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اہسپتالوں میں آج بھی مریضوں کی زیادہ تعداد دیگر صوبوں کی ہوتی ہے، سندھ کے سرکاری اہسپتالوں میں پورے ملک کے عوام کے لیے علاج کی سہولیات فری ہیں۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ عوام کو علم ہے پٹرول، گیس ،بجلی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے جبکہ وفاقی وزراء ڈھٹائی کے ساتھ میڈیاں پر آکر جھوٹ بولتے ہیں۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ تبدیلی سرکار کا احساس پروگرام غربت مٹاؤ نہیں بلکہ غریب مکاؤ پروگرام ہے، وفاق ہر سال این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈالتا ہے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ گیس سندھ میں پیدا ہوتی ہے اور وفاقی حکومت سندھ کی گیس صوبے کے عوام کو نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے سی این جی اسٹیشن کو ڈھائی ماہ کے لیے بند کرکے لاکھوں لوگوں کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے اگر پنجاب اور کے پی کے میں دودھ کی نہریں بھادی ہیں تو ہر ضمنی انتخاب میں شکست ان کا مقدر کیوں ہے۔