اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کے خلاف کاروائی کو کریک ڈاؤن کہنا بددیانتی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ سیاسی جماعت کے خلاف کاروائی کو کریک ڈاؤن کہنا بددیانتی ہے۔ پی ٹی آئی ہمیشہ ایک گینگ رہی ہے، پی ٹی آئی کو تشدد تباہی کے علاوہ کسی اور چیز کیلئے کھڑا نہیں کیا گیا۔
سیاسی جماعت کی آڑ میں 9 مئی کا دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا۔ اسی طرح اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بیٹے سے چند ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نا اہل کروا کر جیل پھینک دیا گیا اور دوسری طرف ایک ثابت شدہ کرپٹ کو صادق اور امین بنا کر اللہ کے آخری رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام کی توہین کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار
نوازشریف نے کہا کہ ہمیں سزا سنانے والے، 60 ارب لوٹنے والے کا استقبال کرتے ہیں۔ کون کرے گا ایسے عدل کا احترام ؟ یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ہمارے پاس ثبوت آگئے ہیں، جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ لے کرعدالت جارہے ہیں، تاکہ شفاف تحقیقات ہوں سکیں، ہماری جماعت کبھی پرتشدد واقعات میں ملوث نہیں رہی۔
انہو ں نے کہا کہ مجھے آج خوف ہے کہ پاکستان اس راستے پر نکل گیا ہے جو ہمارے ملک کی تباہی کا راستہ ہے، اگر ابھی حکمت استعمال نہ کی گئی اور عقل کا استعمال نہ کیا تو شاید ہم ملک کے ٹکڑے جمع نہ کرسکیں۔ پی ڈی ایم جماعتوں نے فیصلہ کیا ہوا کہ الیکشن نہیں لڑنا،الیکشن ہوگیا تو عمران خان آجائے گا، ان کو خوف ہے 30سال سے چوری کا پیسا باہر رکھا ہوا ہے ، وہ محفوظ رہے، موجودہ صورتحال سے لندن بیٹھے شخص کو کوئی فرق نہیں پڑرہا۔ پی ڈی ایم والے ریلوکٹے ہیں، ان کا کوئی ووٹ بنک نہیں ہے، یہ اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔