خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا اور پنجاب اسمبلی کی صورت حال واضح ہونے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا۔
حیات آباد سپورٹس کمپلکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوااسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے پنجاب اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
وزیر اعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ ابھی پنجاب اسمبلی کے معاملے پر غور جاری ہے، پارٹی قیادت اور عمران خان پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی تو فیصلہ ہوگا۔
قانونی ٹیم گورنر پنجاب کو وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے روک دیا
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے ساتھ رابطہ میں ہوں لیکن ابھی تک عمران خان نے مجھے اسمبلی تحلیل سے متعلق کوئی ہدایت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سے رابطہ ہوگا مگر پہلے پنجاب اسمبلی کے معاملات دیکھے جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل عمران خان کے حکم کے مطابق ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس امپورٹڈ حکومت کو الیکشن کے لیے مجبور کرنا ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جمعے کو دونوں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا تھا۔