پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آخری اور تیسرا فیصلہ کن میچ آج بروز جمعہ 13 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، پاکستان مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کررہا ہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ صرف دو رنز پر گری جب شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے لوکی فرگوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، 22 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان اور محمد رضوان کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کرلی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ میں فتح اپنے نام کی ہے۔
پاکستان نے پہلا ون ڈے میچ چھ وکٹ سے جیتا تھا، جب کہ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 79 رنز سے اپنے نام کیا۔
آج ہونے والے فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم انتظامیہ نائب کپتان شان مسعود اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ امام الحق انجری اور نسیم شاہ بخار کے باعث باہر ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ میچ کے دوران گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دو تماشائیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، دونوں پولیس کی تحویل میں ہیں۔
میچ کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پارکنگ سے متعلق ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔