کرنسی مارکیٹ میں روپیہ سنبھلنے لگا، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوگئی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 22 پیسے کی کمی ہوگئی،جس سے انٹربینک میں ڈالر کی 285 روپے 30 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہوکر 286.50 روپے پر آگیا۔
قبل ازیں کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری دن کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں 13 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا تاہم کاروبار کے دوران مارکیٹ میں روپیہ سنبھلنے لگا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر285 روپے 52 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرپاکستانی روپے کے مقابلے میں 287 روپے کی سطح پر مستحکم رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالرکی قیمت میں 10 پیسے اضافہ ہوا تھا تاہم کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر قیمت میں ایک روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔