اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کیے جانے کی ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں عدالتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس مسلم لیگ ہاؤس چک شہزاد میں ہوا، اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان، آفتاب شیر پاؤ، طاہر بزنجو سمیت دیگر نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
کراچی میں پارکنگ کے تنازعے پر نوجوان کا قتل
ذرائع کے مطابق عدالتی اصلاحات کے حوالے سے قومی اسمبلی سے منظور قرارداد کا خیر مقدم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کیے جانے کی ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری رولنگ کیس میں عدالتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ لاڈلے کا 4 سالہ گند ہم پر ڈال دیا گیا، صرف ملک بچانے کے لیے حکومت میں آنا قبول کیا۔ ورنہ تو پہلے دن سے ہی حکومت میں آنے کا مخالف تھا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب ہمیں واضح سمت کا تعین کرنا ہو گا، کھیل کے سارے کرداروں سے متعلق بھی جاننا ہو گا، الیکشن کمیشن پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔