کراچی : دعا زہرا کے شوہر ظہیر اور اس کے بھائی شبیر نے ضمانت کی درخواست دائرکردی، درخواست کی سماعت کچھ دیر بعد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں دعا زہرا کے مبینہ اغوا کیس میں ظہیر سٹی کورٹ پہنچ گیا ، ڈسٹرک جج کے روبرو دعا زہرا کے شوہر ظہیر اور اس کے بھائی شبیر نے ضمانت کی درخواست دائرکردی۔
درخواست میں کہا گیا کہ پسند کی شادی کی ہے، مقدمے اور الزامات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔
دعا زہرا کے شوہر کی درخواست کی سماعت کچھ دیر بعد متوقع ہے۔
اس سے قبل دعا زہرا بازیابی کیس سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی تھی ، جس میں حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کے وکیل نے دعا کو کراچی منتقل کرنے کی حمایت کی۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ چونکہ مقدمہ کراچی میں زیرسماعت ہےاس لیےریاستی تحویل میں لڑکی کوکراچی منتقل کیا جائے۔
جس پر جسٹس محمداقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے تھے کہ جرم کراچی میں ہوا، مقدمہ کراچی میں ہےتوسماعت بھی کراچی میں ہوگی، لڑکی کو کراچی لانا ہوگا،کراچی میں بھی لڑکی کوکوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا پولیس نے اعتراف کیا ہےدعا زہرا کے اغوا کے وقت ظہیر کراچی میں تھا، لڑکی کو والدین نہیں بلکہ شوہر سے جان کا خطرہ ہے لیکن وکیل صفائی کا یہی اصرارتھالڑکی کوکراچی منتقل نہیں کیاجاسکتا۔
جس پر عدالت نے قرار دیا دعا زہراکم عمر ثابت ہوچکی ہے، اس کےبیان کی کوئی اہمیت نہیں، چاہتے ہیں جہاں کیس زیر التوا ہےلڑکی کووہیں کےشیلٹرہوم میں رکھا جائے۔