اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شوگرایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اس میں پہلے سے منظور کردہ ایک لاکھ ٹن چینی کی برآمد بھی شامل ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں ایل این جی کی سپلائی لائن بحال رکھنے کیلئے پٹرولیم ڈویژن کو10 ارب روپے سبسڈی کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق پی ایس او کیلئے 50 ارب روپے تک کی بینک فنانسنگ کیلئے حکومتی گارنٹی بھی منظور کرلی گئی، ایل این جی اور پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل درآمد یقینی بنائی جائےگی۔
اجلاس میں افغانستان میں 3 پاکستانی اسپتالوں کیلئے ایک ارب روپے سے زیادہ کی گرانٹ بھی منظور ہوئی جو 4 اقساط میں فراہم کی جائے گی۔
ای سی سی نے یوریا فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی اکتیس جنوری تک جاری رکھنےکی سمری مسترد کرتے ہوئے پلانٹس کی گیس تین جنوری سے منقطع کرنے کی ہدایت کر دی۔ درآمدی یوریا کھاد کی قیمت کے تعین سے متعلق سمری بھی موخرکر دی گئی۔