اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے عملے کو عام انتخابات کیلئے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات اور ضمنی الیکشن کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،
عام انتخابات اور ضمنی الیکشن کے اخراجات اور تیاریوں پر اجلاس میں بریفنگ دی گئی، اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں، بیلٹ بیپرز ، پولنگ اسٹیشز سمیت متعلقہ امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن نے اپنے عملے کو عام انتخابات کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کر دی،
جس کے لیے ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کے بعد افسران و الیکشن سٹاف کی ٹریننگ شروع کی جائے گی،
تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور
اس مقصد کے لیے صوبائی الیکشن کمشنرز سے آر او، ڈی آر اوز ، اور انتخابی عملے کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کے پی کے گورنرز سے جلد رابطہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا اور الیکشن کمیشن نے صوبائی اداروں سے ملازمین و افسران کی فہرست مانگ لی۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب بھر میں ٹرانسفر اینڈ پوسٹنگ پرپابندی عائد کی گئی ہے،
چیف الیکشن کمشنر نے صوبے میں تقرر و تبادلوں کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں پربھی پابندی عائد کی ہے،
اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر حکام کو مراسلہ بھی جاری کردیا جس میں الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی کابینہ سے پروٹوکول واپس لینے کی بھی ہدایت کردی۔