لاہور:وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا کہ پرویزالٰہی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں،یہ کاروائی نگران حکومت کی جانب سے کی گئی۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے، اسحاق ڈار نے پرویزالٰہی کے گھر پولیس حملے پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کے گھر پر حملے سے وفاق حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پولیس نے پرویزالٰہی کے گھر کاروائی نگران حکومت کی جانب سے کی گئی ہے،حکومتی قیادت کو پی ٹی آئی کے جذبات سے آگاہ کروں گا۔ پی ٹی آئی وفد سے جلد دوبارہ رابطہ کروں گا۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کی فیملی سے ملاقات کے بعد اسحاق ڈار سے بات کروں گا۔
تحریک انصاف کا حکومت کے ساتھ الیکشن کیلئے مذاکرات جاری رکھنےکا فیصلہ
ہم چاہتے ہیں ملک دلدل سے باہر نکلے، ہم نے سعد رفیق اور اسحاق ڈار کو زبردستی نہیں بٹھایا۔ خواجہ آصف مذاکرات کے قائل نہیں تو اسحاق ڈار کو کہہ دیں، آئین کے مطابق الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں۔
ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پابند ہیں، پی ڈی ایم میں مذاکرات کیلئے دراڑ ہے، مولانا فضل الرحمان مذاکرات کے مخالف ہیں۔حیران ہوں کہ اسی گھر میں حکومت کے اتحادی بھی ہیں، چودھری شجاعت کی فیملی کے گھروں میں بھی حملہ کیا گیا، تحریک انصاف کا ہر کارکن پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑا ہے، پرویزالٰہی کے گھر میں جو کچھ ہوا صدمہ ہوا، پرویزالٰہی کی ضمانت کے باوجود ان کے گھر چھاپہ مارا گیا۔
شریف فیملی پر جب بھی مشکل وقت آیا چودھری برادرا ن نے ساتھ دیا۔ کاش حملہ کرنے والے احسانات کو یاد رکھتے، وقت گزر جائے گا اور پرویزالٰہی سرخرو ہوں گے۔ تحریک انصاف ایک آزمائش سے گزر رہی ہے، عمران خان کے گھر کا بھی اسی طرح گیٹ توڑا گیا تھا۔
زمان ہارک میں بھی چادر چاردیواری کے تقدس کا خیال نہیں رکھا گیا۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف کاروائی جاری ہے، جو کچھ ہورہا ہے پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گرفتاریاں اور دوسری طرف مذاکرات، میں نے اسحاق ڈار کو کہا مذاکرات کرنے ہیں یا ختم کرنے ہیں؟ جس پر اسحاق ڈار نے میری بات سنی اور کارکنان کی رہائی ہوئی۔