لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران کی سہولت کاری کرنے والوں کیلئے بدنامی ورسوائی مقدر بنی۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جس جس نے بھی عمران کی سہولت کاری کی، بدنامی و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ عمران ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نا بڑھ پائے اور ہر وہ ہاتھ جو اس شیطانی کھیل کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھتا ہے، اسی کھیل کا حصہ تصور کیا جائے گا۔
مزید برآں چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلا س ہوا، اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کے سہولتکاروں سے متعلق تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی تیارکرلی گئی، عدلیہ میں عمران خان کے سہولتکاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں گے، ،
موجودہ سیاسی ماحول بہت خراب ہے،سیاستدان ایک دوسرے کے دست و گریباں ہیں
نوازشریف کے مقدمے میں ناانصافی کی گواہیاں سامنے لائیں گے، نوازشریف کے ساتھ زیادتی کے شواہد سامنے آرہے ہیں، عمران خان کا 10 نکاتی ایجنڈا نہیں بلکہ 10نکاتی جھوٹ کا پلندہ ہے، 90 روز میں کرپشن ختم کرنے کی بجائے 14درجے کرپشن مزید بڑھ گئی، 10نمبریوں کا صرف ایک ایجنڈا ہے لوٹ مار کریں، چارسالوں میں ایک کروڑ نوکریوں میں ایک نوکری عوام کو نہیں ملی، چار سالوں میں ایک کروڑ گھروں میں ایک گھر کسی کو نہیں ملا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز نے پیر کے روز جاتی امراء رائیونڈ سے قصور روانہ ہونا تھا اور وہاں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرنا تھا ۔ تاہم موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر دورے کو ملتوی کر دیا گیا ، مریم نواز اب کل ( بدھ ) کھڈیاں ضلع قصور کا دورہ کریں گی ۔ مریم نواز نے اس سے قبل پشاور اور کوئٹہ کے دورے بھی منسوخ کئے تھے۔