اسلام آباد: آج سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے اور حملہ کرنے اور کروانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی سیاست جماعت بنانے کے سوال پر کہا یہ موقع سیاسی بات کرنے کا نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے لیے جو کردار ادا کیا وہ پاکستان کے لیے تھا۔
مجھے اللہ نے سب دیا، میں نے جو کچھ کیا پاکستان کے لیے کیا۔نیا پاکستان بنانے کے لیے بہت کوشششیں کیں لیکن افسوس ان سب کا اختتام آج ایسے ہوا۔ لوگ سارے پی ٹی آئی کے جھنڈے لے کر جناح ہاؤس میں داخل ہوئے تھے۔ان میں سے کسی نے نہیں کہا کہ ہم کسی اور کے لوگ ہیں۔یہ تحریک انصاف کے ہی ورکرز تھے، اب عمران خان اور پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا کردار دیکھنا ہوگا۔
کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا جناح ہاؤس کے اندر توڑ پھوڑ کی جائے گی۔کور کمانڈر ہاؤس قائداعظم محمد علی جناح کا گھر تھا، حملے کرنے اور کرانیوالوں کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، دلی دکھ اور افسوس ہے، اس عمل کی کوئی معافی نہیں۔ امید ہے جن لوگوں نے منصوبہ بندی کے تحت یہ کام کیا ان کو سزا ہونی چاہئیے۔پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ایسا کام ہونا تو دور کی بات کبھی کسی نے سوچا بھی نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کا تحریک انصاف اور سیاست چھورنے کا فیصلہ
جہانگیر ترین نے کہا کہ ماضی میں بھی لوگوں کو سزائیں دی گئیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا، مریم نواز کو جس طریقے سے گرفتار کیا گیا اس کے بعد بھی کبھی کسی نے اس طرح کی حرکتیں کرنے کا نہیں سوچا۔ اللہ تعالیٰ یہ سب کرنے والوں کو عقل دے اور یہ عمل پاکستان میں کبھی مت دہرایا جائے۔
اس طرح کی حرکتوں اور پرتشدد روئیوں پر پابندی ہونی چاہیے، امید ہے پلان کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔پی ٹی آئی پر پابندی کے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی نہیں ہونی چاہئے لیکن ایسی حرکتوں پر پابندی ہونی چاہئے۔