مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے ملک عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ہاتھوں یرغمال ہے، آئی ایم ایف ہم سے ایسے برتاؤ کرتا ہے جیسے ہم کسی ملک کی کالونی ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پاکستان کو بیرونی خطرہ نہیں اندرونی خطرہ ہے، جب ملک کی بات آئے گی تو اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا عمران خان کہتے ہیں کہ مریم کو کمپین کی آزادی ہے مجھے نہیں، مجھے یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی گئی بلکہ میں نے یہ آزادی چھین کر لی ہے، عمران خان نے اپنے دور میں ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان کے دور میں بھی دفعہ 144 اور پابندیاں لگائی جاتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو کس نے کہا کہ بستر کے نیچے چھپ جاؤ، میں نکلتی تھی اور پتھر بھی کھاتی تھی، عمران خان لیدڑ ہے یا گیڈر جس نے اپنی حفاظت کے لیے لوگوں کی بیٹیاں اور بیٹے رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا موٹرسائیکل اور رکشہ والوں کو سستے داموں پیٹرول کی فراہمی کا اصولی فیصلہ
مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان نے نے توشہ خانہ کی فہرستیں جاری نہیں کیں، اس نے کہا میرے تحفے میری مرضی، شہباز شریف نے توشہ خانہ کی فہرستیں جاری کر دیں، جس نے چوری نہیں کی ہوتی وہ ڈرتا نہیں۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا لیڈر بہادر ہوتے ہیں اور عوام کی قیادت کرتے ہیں، مشرف دور میں نواز شریف نے کہا لاکھ پابندیاں لگاؤ باہر ضرور نکلوں گا۔
مریم نواز نے کہا کہ ظل شاہ شہید ہوا تو عمران خان نے اس کی لاش پر سیاست شروع کر دی، جو بیٹی کے معاملے پر سچ نہیں بول سکتا، قوم کی بیٹیوں کا کیسے خیال رکھ سکتا ہے، میرے والد کو میری فکر ہوتی ہے، فون کر کے پوچھتے ہیں بیٹا جلسے میں پہنچ گئی ہو۔
ان کا کہنا تھا عمران خان وزیراعظم تھے تو ایک ملک نے انہیں جہاز سے اتار دیا، جو لوگ اسے کندھوں پر بٹھا کر لائے تھے انہوں نے بھی اسے سر سے پکڑ کر پھینک دیا۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال ہے، آئی ایم ایف ایسے برتاؤ کرتا ہے جیسے ہم کسی کی کالونی ہیں، آئی ایم ایف سے بات کریں تو کہا جاتا ہے آپ پر اعتماد نہیں پہلے یہ اقدامات کریں۔