لاہور : مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 8 سال سے خیبر پختونخوا میں عمران صاحب آپکی حکومت ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس حکومت سے چینی چوری، ایل این جی چوری اور پیٹرول چوری کا پوچھیں گے تو ایک جواب ملے گا کہ پچھلی حکومتوں نے کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 8 سال سے خیبرپختونخوا میں عمران خان صاحب آپکی حکومت ہے، آپ نے اے پی ایس کے بچوں کے والدین کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ پیسے دےکر آپ ان بچوں کو واپس لا سکتے ہیں؟
ان کا کہنا ہے کہ آپ نے سپریم کورٹ میں شرمناک بیان دیا کہ میں مل لوں گا، کیا آپکو سپریم کورٹ بتائے گی کہ آپکو کیا کرنا ہے؟ آپ 8 سال سے خیبر پختونخواہ کی حکومت میں ہیں بتائیں اے پی ایس کے بچوں کے لئے کیا کیا؟ ان سے پوچھیں جن کے بچے شہید ہوئے۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ اس وقت کے وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان دیا جسے آپ نے دفن کیا، اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن ردالفساد اور ضرب عرب دیا، جب آپ وزیر اعظم بنے تو آپ نے ان تمام چیزوں کو ختم کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف کا ٹی ایل پی سے معاہدے کو پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ آپ وزیر اعظم ہیں تو کہتے ہیں کہ نواز شریف سے پوچھیں کیا ہوا تھا؟ اب آپ جواب دیں گے 3 سال ہوگئے نیشنل ایکشن پلان آپریشن ردالفساد کا کیا ہوا؟
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آپ نے اپنے حصے کا کیا کیا؟ آپ بے حس ہیں آپ گھر جائیں، نواز شریف اب بھی سب کرلے گا پہلے بھی سب کیا تھا۔