اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے ممکنہ اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر وزیراعظم سیکرٹریٹ نے اراکین اسمبلی کی تازہ ترین فہرستیں طلب کرلیں۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کرکے اراکین اسمبلی کی تازہ ترین فہرستیں طلب کی گئیں، جس پر اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت قومی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 331 ہے
، جن میں سے حکومت کو 181 اراکین کی حمایت حاصل ہے اور حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں میں سے مسلم لیگ ن کے 85، پیپلز پارٹی کے 58 اور متحدہ مجلس عمل کے 14، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 7، بلوچستان عوامی پارٹی بی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے 4، 4، مسلم لیگ ق کے3،
جمہوری وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے 1،1 رکن حکومت میں شامل ہیں جب کہ قومی اسمبلی میں 4 آزاد اراکین بھی حکومت کے ساتھ ہیں۔
چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی کی پارٹی رکنیت معطل کردی
اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس وقت قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے اراکین کی تعداد 150 ہے، جن میں پاکستان تحریک انصاف کے 121 اور 21 منحرف اراکین شامل ہیں،
سندھ کے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 3، مسلم لیگ ق 2، بلوچستان عوامی پارٹی، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ کے ایک ایک رکن بھی اپوزیشن کے ساتھ ہیں جب کہ قومی اسمبلی کی 11 نشستیں خالی ہیں، جن میں سے 7 پر جیت کر عمران خان نے حلف نہیں لیا،
ایک پر عمران خان نااہل ہوئے، اس کے علاوہ محمود مولوی، ندیم خان اور روحیلہ حامد نے بھی منتخب ہو کر حلف نہیں لیا، جعفر لغاری کی وفات سے ایک سیٹ خالی ہوئی اور اپوزیشن کے شکور شاد اور محمد میاں سومرو کا معاملہ تاحال عدالت میں زیر سماعت ہے۔