خیبر پختون خوا حکومت کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے وفاقی ہم منصب مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہہوئے کہا ہے کہ وہ خط لکھنے کے معاملے پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔
تیمور جھگڑا نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ صوبے کے حق کے لیے آواز اٹھائیں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مفتاح اسماعیل کو لکھا خط ہم منظر عام پر نہیں لائے، خط میں صوبے کے بجٹ پر کٹوتی سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کبھی بھی قومی مفاد سے نہیں کھیلی گی، جب آئی ایم ایف ڈیل کا موقع آیا تو صوبائی حکومت نے بروقت اپنا کام مکمل کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ خزانہ خیبر پختون خوا نے وفاقی وزیر خزانہ کو دوسرا خط لکھ کر ایک ماہ قبل ہونے والے ایم او یو پر پیشرفت سے متعلق یاد دہانی کروائی تھی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ صوبائی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی بحالی کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے تھے، مفتاح اسماعیل سے ضم اضلاع کے لیے وفاقی بجٹ میں کٹوتی کا فیصلہ واپس لینے پر بات ہوئی تھی۔
60 لاکھ قبائلیوں کے لیے صحت کارڈ کی بحالی پر بھی تفصیلی بات ہوئی تھی جب کہ تنخواہوں اور پنشن ادائیگی کے لیے 60 بلین کی رقم میں اضافے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
خط کے مطابق صوبائی حکومت نے فیصلہ وفاق سے سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کے مفاد میں کیا تھا، ایم اویو کے مطابق نیشنل فنانس کمیشن پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود معاملات میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ صوبے کو سیلابی صورتِ حال کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کے حالات کو مدِ نظر رکھ کر ایم او یو پر پیشرفت یقینی بنائی جائے۔