وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ایم کیو ایم نے نگراں وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کر دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری شامل تھے۔
وفد نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری میں تحفظات دور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نگراں حکومت اور کے الیکٹرک کے مسائل پر مشاورت کی گئی۔۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے کرم سے مردم شماری کامیابی سے مکمل ہوگئی، نتائج کی منظوری تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہوئی۔
حکومتی اتحادی جماعت ایم کیوایم نے نگراں وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام تجویز بھی کردیا، وفد نے وزیراعظم کو سندھ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔