اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق ہونے والے اجلاس میں کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی۔ محکمہ موسمیات سے آئندہ دنوں کے موسم کی صورتحال پر رپورٹ مانگی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، سیکیورٹی اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے کہ پولنگ سے دیہی سندھ میں امدادی کام کتنے متاثر ہوں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سے بھی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی، تمام اداروں سے رپورٹ حاصل کر کے الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس آج ہی طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔