اسلام آباد :سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں نواز شریف کو واپسی پر گرفتار کرنے کی استدعا کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کردی گئی ، درخواست گزار نعیم حیدر نے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ نوازشریف اشتہاری مجرم ہیں، پاسپورٹ جاری کرنےسے روکا جائے اور درخواست پر آج ہی سماعت کرکےنواز شریف کی گرفتاری کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں نوازشریف، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا اورنواز شریف کو واپسی پر گرفتارکرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
نوازشریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر رجسٹرار ہائی کورٹ آفس نے بینچ تشکیل دے دیا اور وکیل کی پیر کو سماعت کی استدعا منظور کر لی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کے روز سماعت کریں گے۔