پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لی۔ اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے لئے ڈاکٹر امجد علی، مشتاق غنی اور علی امین گنڈا پور موسٹ فیورٹ ترین امیدوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کو وزیرِ اعلی بنانے کے لیے تیمور جھگڑا اور کامران بنگش کوشاں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاق میں اتحاد نہیں ہوگا،
صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کے نام پر منگل تک فیصلہ ہوگا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کیلئے ابھی تک کوئی نام فائنل نہیں ہوا، انتظامی امور کے بنیادی معاملات حل کرنے کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت کنفرم ہے۔ خصوصی گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی سے ہٹ کر دیگر آزاد امیدوار بھی رابطے میں ہیں۔
اگر انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہوئے تو کے پی کے میں ایک جماعت کی اکثریت کیسے ہوگئی
انہوں نے کہا کہ اتوار کو 2 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت اختیار کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 3 دیگر آزاد امیدوار بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کی 111 نشستوں کے مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتائج جاری کر دیے گئے، آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری صوبائی نشستوں کے غیر حتمی رزلٹ کے مطابق 90نشستوں پر آزاد نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام پاکستان 7 نشستیں، پاکستان مسلم لیگ ن 5، پاکستان پیپلز پارٹی 4 اور جماعت اسلامی 3 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین(پی ٹی آئی پی) 2اورعوامی اے این پی کی ایک نشست پر کامیابی حاصل کر سکیں۔