مظفر آباد: آزاد کشمیرحکومت نے کشمیر پریمئرلیگ کے موقع پر پاک فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی سفارش کردی، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سمری کابینہ کوبھجوا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں کشمیر پریمیئر لیگ کے آغاز کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ، آزادکشمیرحکومت نے کشمیر پریمئر لیگ کے موقع پر پاک فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی سفارش کردی۔
وزارت داخلہ نےآزادکشمیرحکومت کی سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ بھجوادی ہے ، سمری میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج تعیناتی کی منظوری دی جائے ، انسداد دہشتگردی ایکٹ کےتحت پاکستان رینجرزبھی تعینات کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ کشمیر لیگ کے علاوہ سیاسی سرگرمیاں، محرم الحرام بھی ہے ، کوئیک رسپانس کے طور پر پاک فوج،رینجرز کی تعیناتی چاہتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی دستے 20 اگست تک تعینات کیے جائیں ، جس پر وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سمری کابینہ کوبھجوا دی ،سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی جائے گی۔
خیال رہے کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز آج سے ہوگا، آج پہلے میچ میں شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور ہاکس کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
شیڈول کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کا فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا اور تمام میچز مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، اس موقع پر میچز کے لئے 30 فیصد تماشائیوں کو گراونڈ میں آنے کی اجازت ہے۔