لاہور : جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ، مالک جہاز کے ذریعے کراچی جانے کی کوشش کررہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن دھماکے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، دھماکے میں استعمال گاڑی کے مالک کو حساس ادارے نے حراست میں لے لیا ، گوجرانوالہ کارہائشی گاڑی کا مالک جہاز کے ذریعے کراچی جانے کی کوشش کررہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مالک کو فلائٹ سے آف لوڈ کرکے حراست میں لیاگیا اور تفتیش کےلئےنامعلوم مقام پرمنتقل کردیاگیا ہے۔
گذشتہ روز جوہرٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگا لیا گیا تھا ، دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی11سال قبل گوجرانوالہ سےچھینی گئی تھی۔ گاڑی ایل ای بی9928چھیننے کا مقدمہ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ میں درج ہے، پولیس نےگاڑی کا مقدمہ حافظ آباد کے رہائشی شکیل کے بیان پر درج کیا تھا۔
گاڑی کے مالک شکیل نے ڈرائیور منظور کو دوست کو گاڑی دینے کے لیے بھیجا تھا ، جہاں 29نومبر2010کو صبح پونے10بجے3ڈاکوؤں نے ڈرائیور سے گاڑی چھین لی تھی۔
واضح رہے کہ جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں خواتین سمیت دو بچے بھی شامل ہیں۔