نئی دہلی: ویمنز ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویمنز ایشیا کپ دوہزار بائیس بنگلہ دیش کے شہر سہلٹ میں یکم اکتوبر سے پندرہ اکتوبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں سات ٹیمیں ٹرافی کے لئے زور آزمائی کرینگی۔
شائقین کرکٹ کو روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرے کا انتظار ہے، اب ایشین کرکٹ کونسل نے شیڈول جاری کرتے ہوئے یہ تجسس بھی ختم کردیا ہے۔
اے سی سی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق روایتی حریف سات اکتوبر کو سہلٹ کے میدان میں آمنے سامنے ہونگی۔
ویمنز ٹی-20 ایشیا کپ کے راؤنڈ مقابلے رابن طرز پر کھیلے جائیں گے، جس میں سے چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ہندوستان کے علاوہ پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، یو اے ای، تھائی لینڈ اور ملیشیا کی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب ویمنز ایشیا کپ کے لئے بھارت کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، ہرمن پریت کور کپتان جبکہ اسمرتی مندھانا نائب کپتان ہونگی۔