روٹی انسان کی بنیادی ضرورت ہے لیکن آٹا سستا ہونے کے باوجود راولپنڈی میں روٹی غریب کی پہنچ سے باہر ہے، نان بائیوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود روٹی کی قیمتیں کم کرنے سے انکار کردیا۔
فائن آٹا ہو یا میدہ 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 800 روپے کمی ہوگئی جبکہ 80 کلو والی بوری 2 ہزار روپے سستی ہوگئی لیکن اس کے باوجود مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔
راولپنڈی میں روٹی اور نان کی قیمت جوں کی توں برقرار ہے روٹی 20 روپے، نان 25 جبکہ روغنی نان 50 روپے تک مل رہا ہے، مہنگائی کے اس طوفان پر شہری پھٹ پڑے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرانی قیمت 10 سے 15 روپے میں مزدور طبقہ کا گزارا ہوجاتا تھا، لیکن اب مشکل ہوجاتا ہے۔
عوام نے نان بائیوں سے روٹی کی قیمت میں بھی کمی کا مطالبہ کردیا۔ شہریوں نے کہا کہ جب آٹا سستا ہوگیا تو روٹی سستی کیوں نہیں کرتے۔
سماء نے یہی سوال نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر کے سامنے رکھا تو انہوں نے جواب میں مہنگی روٹی کا نیا جواز پیش کردیا۔
شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ جتنی بھی چیزیں نان بائی کے استعمال میں آتی ہیں ان کے پرانے ریٹ بحال ہوجائیں گے تو ہم پریس کانفرنس کر کے انتظامیہ حکومت اور عوام کو بتا دیں گے کہ ہم نے ریٹ کم کر دئیے ہیں۔