اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باجود وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے تاحال رہائی نہ ہوسکی۔
وکیل بیرسٹرتیمور ملک کا کہنا ہے کہ شاہ محمود کی رہائی کا حکمنامہ تحریری یقین دہانی سے مشروط تھا، شاہ محمود قریشی کو عدالتی حکمنامہ اور شرائط سے آگاہ کیا تھا تاہم شاہ محمود قریشی نے اب تک تحریری یقین دہانی عدالت کو جمع نہیں کرائی۔
بیرسٹرتیمور ملک کا کہنا ہے کہ شاہ محمود ایسا کوئی حلف نامہ نہیں دینا چاہتے جس سے انکے سیاسی وجمہوری حقوق متاثرہوں، اس صورتحال میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت پررہائی کا آج بھی امکان نہیں۔
بیرسٹر تیمور ملک سمیت وکلا ٹیم شاہ محمود قریشی سے آج اڈیالہ جیل میں دوبارہ ملے گی، شاہ محمود قریشی کو ملاقات میں عدالت کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا ،رہائی کی شرائط پر دوبارہ بات ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کو کہا کہ عدالتوں کا بہت احترام ہے، تاہم پر امن احتجاج سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے۔