قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے جلد وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی مڈل سیکس کاؤنٹی کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو جون کی ابتداء میں وطن واپس آنا تھا تاہم اب انہوں نے جلد واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
مڈل سیکس کاؤنٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو طرفہ وائٹ بال سیریز کے لیے فوری طور پر وطن واپس جائیں گے۔
شاہین نے کاؤنٹی کلب کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل کچھ وقت آرام کرنے اور گھر والوں کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔
شاہین آفریدی ون ڈے سیریز کے بعد وائٹیلٹی بلاسٹ کے آخری مراحل میں مڈل سیکس کی نمائندگی کرنے کے لیے واپس جائیں گے۔