برطانیہ میں ایک بھارتی نوجوان کو ملکہ ایلزبتھ کو قتل کی دھمکی دیے جانے کے 24 منٹ بعد ہی گرفتار کرلیا گیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو فوٹیج وائرل ہوئی ہے جس میں ایک نقاب پوش شخص کراس بو پکڑے ہوئے 1919 کے امرتسر قتل عام کی انتقامی کارروائی میں ملکہ کو قتل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔
کرسمس کے دن یہ کلپ منظر عام پر آنے کے بعد ایک 19 سالہ مشتبہ نوجوان کو برک شائر کے ونڈسرمحل کے گراؤنڈ سے گرفتار کیا گیا جہاں ملکہ اپنے خاندان کے ساتھ مقیم تھیں۔
مبینہ طور پر جسونت سنگھ چیل نامی ملزم نے ونڈسر محل کے گراؤنڈ سے حراست میں لیے جانے سے 24 منٹ پہلےیہ ریکارڈ شدہ ویڈیو کرسمس کی صبح 8 بج کر 6 منٹ پر اسنیپ چیٹ پر اپ لوڈ کی تھی۔
جسونت سنگھ نے ویڈیو پیغام میں آواز کو تبدیل کرنے کا ایک فلٹر کا استعمال کیا اور ہوڈی اور ماسک پہنا ہوا تھا۔
ویڈیو میں کہا گیا کہ ’مجھے افسوس ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ میں نے کیا کیا اور میں کیا کروں گا۔ میں شاہی خاندان کی ملکہ ایلزبتھ کو قتل کرنے کی کوشش کروں گا۔ یہ ان لوگوں کا بدلہ ہے جو 1919 کے جلیانوالہ باغ کے قتل عام میں مرے تھے‘۔
ویڈیو میں نوجوان کو مزید کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’یہ ان لوگوں کے لیے بھی انتقام ہے جو اپنی نسل کی وجہ سے مارے گئے یا امتیازی سلوک کا شکار ہوئے۔ میں ایک ہندوستانی سکھ ہوں، ایک سیٹھ ہوں۔ میرا نام جسونت سنگھ چیل تھا، میرا نام ڈارتھ جونز ہے‘۔
یاد رہے کہ تقسیم ہند سے قبل جلیانوالہ باغ قتل عام (امرتسر قتل عام) میں برطانوی افواج کے ہاتھوں 379 مظاہرین ہلاک اور 1200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
مشتبہ شخص جس کا پولیس نے ابھی تک نام ظاہر نہیں کیا ہے فوراً ہی گرفتار کرلیا گیا تھا ۔بعد ازاں اس پر مینٹل ہیلتھ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔