مقبوضہ جموں وکشمیر: بھارتی فوجیوں نے مزید 3 نوجوان شہید کردیے جس کے بعد وادی میں گزشتہ روز سے شہید ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع سری نگر میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے ہیں۔
کے ایم ایس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے پانتھ چوک میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی اور تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے تھے۔
بھارتی فوجیوں نے 48 گھنٹوں کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر کے جنوبی اضلاع کولگام اور اسلام آباد کے علاقوں میں تلاشی آپریشن ون کے دوران چھ نوجوان شہید کیے ہیں۔
دوسری جانب حریت رہنما عبدالحمید لون کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی فوج نے ایک اور جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچا کر مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا ہے جبکہ ان تینوں نوجوانوں کو سری نگر کے پانتھ چوک میں جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا ہے۔
عبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں دو دن کے دوران 9 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں کے دوران شہید کیا جاچکا ہے اور وادی کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم پر عالمی دنیا خاموش تماشائی بن کر رہ گئی اور بھارتی مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، عالمی دنیا بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں اور قتل عام کا نوٹس لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے خلاف آج مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔