سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کے صوبے الجوف میں حوثی باغیوں کے بیلسٹک میزائل لانچنگ پیڈ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سعودیہ کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اتحادی افواج کی جانب سے یہ حملہ حوثی ملیشیا کی جانب لاحق خطرات کا رد عمل ہے۔ سعودیہ کی سربراہی میں چلنے والے اس فوجی اتحاد کی جانب سے مذکورہ حملے کی فضائی تصاویر بھی شایع کی گئیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی پشت پناہی پر چلنے والی حوثی ملیشیا یمن، سعودیہ عرب اور متحدہ عرب امارات میں 2015 سے عام شہریوں پر میزائل، راکٹوں اور دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون کی بارش کر رہی ہے، جس سے کافی تعداد میں عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
یمن میں اقوام متحدہ کی تسلیم کردہ حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے حوثی باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس خانہ جنگی کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے کی گئیں متعدد کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔