اسلام آباد : مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی سیاست چمکائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ملکی معیشت بچانے کیلئے پیٹرول مہنگا کیا،پیٹرول کی قیمت میں کم سے کم اضافہ کیا تاہم سابق حکومت نے جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی اور پیٹرول سستا کیا۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کیلئے مشکل فیصلہ ہے،ہم نے اقتدار سنبھالا تو سیاست نہیں ریاست کو دیکھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچایا،ہم نے تمام فیصلے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے کئے۔حکومت نے اداروں کو بہتر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے سستی شہرت کیلئے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے
معیشت،آئی ایم ایف معاہدے کی بحالی اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبے سامنے ہیں۔ہم نے گزشتہ 15 ماہ میں معیشت کی بحالی کیلئے دن رات محنت کی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت میں اہم اور ذمہ دار لوگ بیٹھے ہیں۔ریاست کو بچانے کی خاطر حکومت نے اہم فیصلے کئے،عوام کے ووٹ کے اعتماد کے ساتھ اسی سفر کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ باتیں بہت ہو گئیں اب عملی اقدامات اٹھا کر ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا ہے،ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس ماہ ہماری حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی اور ہم گھر چلے جائیں گے،نئی نگران حکومت آئے گی۔اتحاد،اتفاق اور یکجہتی کا فیصلہ کرنے تک ہم اپنی کاوشوں میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔