نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
نگران وزیراعظم کی زیرصدارت بجلی کی قیمتوں اور صارفین کے بِلوں پر کے حوالے سے اہم اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں کو تفصیلی بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔
خیال رہے کہ بجلی کے بھاری بلوں پر ملک بھر میں عوام سراپا احتجاج ہے اور حکومت سے اضافی ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کررہی ہے۔ مظاہرین نے کہا پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، بجلی کے بلوں نے گزارا مزید مشکل کردیا، گھرکی اشیا بیچ کربجلی کے بل جمع کرانے پرمجبورہیں۔
بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام کا احتجاج جاری ہے ،شہر شہر ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے، اضافی ٹیکس واپس لیئے جائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔