اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو الیکشن نہ لڑنے دیا گیا تو انتخابات بے معنی اور بے وقعت ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس کی پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال میں کورٹ کچہری دیکھ لی اور دہشت گرد بھی بنا دیا گیا۔
نیت اور دامن صاف ہے،بے قصور ہوں۔ انہوں نے الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں اور مسئلہ کا واحد حل ہیں۔ شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کو نا قابلِ تلافی نقصان ہو گا اور عوام کا جمہوری نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا،پی ٹی آئی کے بغیر انتخابات کی اہمیت ختم ہو جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ آج اپنی آنکھوں سے ملک کو ڈوبتا دیکھا ہے۔
عدالت کا شیخ رشید کو بازیاب کراکے رہا کرنے کا حکم
شاہ محمود قریشی نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں برف پگھلی ہے یا نہیں تاہم جو بے گناہ ہیں انہیں رہائی ملنی چاہیے۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔ لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ عمران خان نے عدالت کے روبرو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کا بیان دے دیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا،میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے اٹک سے اڈیالہ جیل نہ منتقل کیا جائے،میں اپنے وکلاء سے کہوں گا درخواست واپس لے لیں۔