اسلام آباد: فروری کے دوسرے ہفتے میں بھی مہنگائی بدستور قائم ہے جبکہ لہسن، برائلرمرغی، گھی، کوکنگ آئل سمیت بیشتر اشیاء مہنگی ہو گئی ہیں۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 8 فیصد کی معمولی کمی ہوئی جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح 18 اعشاریہ 42 فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کا پارہ تاحال 20 فیصد سے بلند ہے جبکہ ایک ہفتے میں 16 اشیاء مہنگی اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے مین لہسن اوسط 23 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا اور لہسن کی اوسط قیمت 354 روپے 62 پیسے فی کلو ہوگئی۔
زندہ مرغی اوسط 11 روپے 49 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جس کے بعد زندہ مرغی کی قیمت 214 روپے 88 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے مسٹر آئل 3 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا اور ڈالڈا گھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 8 روپے 74 پیسے مہنگا ہوا۔
فروری کے دوسرے ہفتے میں جلانے کی لکڑی 6 روپے 27 پیسے فی من مہنگی ہوئی ہے، ایک ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 3 روپے 6 پیسے مہنگے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کپڑے دھونے کا صابن، مٹن اور بیف بھی مہنگا ہوا جبکہ ٹماٹر 22 روپے 24 پیسے فی کلو سستے ہوئے ہیں۔
پیاز ایک روپے 11 پیسے فی کلو سستی اور انڈوں کی قیمت میں فی درجن 3 روپے 39 پیسے کمی ہوئی جبکہ ایک ہفتے میں آٹے کے بیس کلو کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے کمی ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر35 روپے 32 پیسے سستا ہوا جبکہ بریڈ، تازہ دودھ، خشک دودھ اور دہی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔