رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 28 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ (جولائی یا نومبر 2021) کے دوران پاکستان نے 7 ارب 75 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کیں، گزشتہ برس اسی دورانیے میں برآمدات کا حجم 6 ارب 4 کروڑ ڈالر سے زائد تھا، اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں برس کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 28.41 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف نومبر کے مہینے میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز سے زائد تھا، گزشتہ ماہ سال نومبر کے مہینے میں ایک ارب 28 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئی تھیں۔
دوسری جانب رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران سوتی دھاگے کی برآمدات میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 65.45 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی سے نومبر 2021 کے دوران 50 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کا سوتی دھاگا دنیا کے دیگر ملکوں میں برآمد کیا گیا جب کہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں سوتی دھاگے کی برآمدات 30 کروڑ ڈالرز سے زائد رہی تھی۔