اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے جتنی قربانی دینا پڑی ہم دیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب سے حکومت نے اعلان کیا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی تو مارکیٹ میں استحکام آیا اور ڈالر کی اونچی اڑان آج بھی جاری رہی مگر اب ہم نے ڈالر پر قابو پانا شروع کر دیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں روپیہ کی گرتی ہوئی قدر کو آہستہ آہستہ کنٹرول کیا جا رہا ہے، اسٹیٹ بینک نے بھی ڈالر کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ درآمدات کو کم کر رہے ہیں، اس وقت ہمارے پاس ملک میں دو بلین کیٹر سے زائد ساٹھ دنوں کا آئل کا ذخیرہ موجود ہے، فرنس آئل بھی وافر مقدار میں موجود ہے، تیل کی کھپت کم ہونے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس سے روپیہ پر پریشر کم ہو گا، عالمی سطح پر قیمتیں کم ہونے سے آئندہ ماہ سے مارکیٹ میں استحکام آئے گا۔
وزیر خزانہ نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ اس وقت بھی معیشت درست سمت میں ہے، ہم نے معیشت کو سیاست پر ترجیح دی ہم پاکستان کو بچانے کیلئے جتنی قربانی دینا پڑی ہم دیں گے۔