لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج کل کچھ ایسی بھی جماعتیں بھی آئی ہوئی ہیں جنہوں نے ایک صوبے میں 15 برس حکومتیں کی ہے لیکن ان کے پاس گنوانے کیلئے 15 منصوبے بھی نہیں۔
لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں اپنے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ جماعتیں پنجاب میں آ کر نواز شریف پر تنقید کرتے ہیں انہیں نہیں پتہ کہ پنجاب نواز شریف پر تنقید نہیں سنتا۔
مسلم لیگ ن تنقید اور الزامات کی سیاست نہیں کرتی ۔ لاہور کے حلقہ این اے 119 میں پہلی بار قدم رکھا ہے۔ میں ن لیگ کے تمام شیروں کو سلام پیش کرتی ہوں، 119 کی عوام نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں اجازت لینے آئی تھی آپ نے فیصلہ سنا دیا۔ ووٹ صرف پرچی نہیں ہوتی، وہ مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے، این اے 119 میرا گھر ہے۔ سیاسی جماعتیں صرف وعدے اور تنقید کرتی ہیں۔
جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پرپولیس کا چھاپہ، داماد اور نواسے ملازمین سمیت گرفتار
ن لیگ کے سوا ساری جماعتیں ایسی ہیں جنہوں نے کچھ نہیں کیا، ان کا دن رات کام ہے تنقید کرو الزامات لگاو۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مجھے اپنے والد کا ساتھ دینے کی سزا دی گئی، مجھ پر صرف یہ الزام تھا کہ باپ کیساتھ کھڑی کیوں ہوئی، چاہے جان چلی جاتی، کرسی چلی جاتی لیکن میں اپنے باپ کیساتھ کھڑی رہی۔
نواز شریف نے منشور دیا تو اس پر عمل بھی کیا، نواز شریف نے صرف کاغذ پر لکھ کر منشور نہیں دیا، نوازشریف آج بھی آپ لوگوں کیلئے میٹنگ کررہا ہے، نواز شریف پلان کررہا ہے کہ مہنگائی کیسے کم کرنی ہے، نوازشریف سوچ رہا ہے کہ آپ کی تکلیفیں کیسے ختم کرنی چاہئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جس صوبے نے نواز شریف کو میینڈیٹ دیا اس نے وہاں کام کرایا، میں اس چچاکی بھتیجی ہوں جس نے دن دیکھا نا رات، آپ کی خدمت کی، مجھے احساس ہے میرے کاندھوں پر کتنا بوجھ ہے، میں وہ امیدوار نہیں جسے لوگ پرچی پر لکھ کردیں کہ ہمارے یہ مسائل ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اللہ کا واسطہ سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا، کیونکہ اس نے ہماری نسلوں کا فیصلہ کرنا ہے، ہم نے یہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانا، میرے بچے یہیں رہیں گے۔ ایک شخص کہتا ہے نوازشریف نے ابھی تک منشور نہیں دیا، لوگ جانتے ہیں نوازشریف اگلے چند روز میں اپنا منشور دے گا ۔