اسلام آباد:این سی اے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس،اعظم خان نے نیب راولپنڈی میں کیس سے متعلق بیان ریکارڈ کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب راولپنڈی میں پیش ہو گئے،نیب حکام نے سابق پرنسپل سیکرٹری سے کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی جس پر اعظم خان نے نیب کو حقائق بتائے۔
اعظم خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بیان ریکارڈ کرایا،نیب نے اعظم خان کو تحقیقات کیلئے آج صبح 10 طلب کیا تھا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق بیان ریکارڈ کرایا تھا،اعظم خان نے بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بیان ریکارڈ کروایا۔
اعظم خان نے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا،اور بیان دیا کہ سیاسی مقاصد کے لیے سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق حتمی فیصلہ ہو گیا
عمران خان نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا،عمران خان نے کہا "سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا” ۔ اعظم خان نے بتایا کہ عمران خان نے سائفر مجھ سے 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں گم کر دیا۔ اعظم خان نے کہا کہ عمران خان نے سائفر ڈرامہ کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا،منع کرنے کے باوجود ایک سیکرٹ مراسلہ کو عوام میں ذاتی مفاد کے لیے لہرایا۔
خیال رہے کہ 16 جون 2023 کو بتایا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ ہو گئے،اہلخانہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درخواست دے دی گئی۔ بعد ازاں اعظم خان نے پولیس کو بھی اپنی موجودگی سے آگاہ کیا اور وفاقی پولیس نے اعظم خان کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔