کراچی:کراچی میں سلنڈر کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہو گیا۔کراچی کےعلاقےماڑی پور مچھرکالونی جعفر چوک کے قریب گیس دھماکے سےعمارت زمین بوس ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق مچھر کالونی میں جعفر چوک کے قریب سلنڈر دھماکے سے 2 منزلہ عمارت گر گئی۔حادثے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ 2 منزلہ عمارت گرنے کی وجہ سے 6 افراد زخمی بھی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ کیماڑی پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت منہدم ہو گئی جب کہ دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے اور امدادی کاموں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔کراچی میں گیس سلنڈر دھماکا کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔
اس سے قبل گلشن اقبال میں دکان میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق مسکن چورنگی پر فاسٹ فوڈکی دکان میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوا ہے،
لاہور ہائیکورٹ کا شیر افضل مروت کو رہا کرنے کا حکم
دھماکے کے وقت دکان بند تھی اور اس میں مزید سلنڈرز موجود تھے۔انہوں نے بتایا ہے کہ دھماکے سے دکان کی عقبی دیوار گر گئی جس سے 2 راہ گیر زخمی ہوئے اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کے مطابق ایک زخمی کی شناخت عدنان احمد کے نام سے ہوئی ہے، دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے سے تباہ دکان میں گیس کی بو تاحال پھیلی ہوئی ہے۔۔
ریسٹورنٹ کے اوپر قائم فلیٹس کے رہائشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا بہت زور دار تھا، جس کے باعث فلیٹ کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور دیوار میں بھی کریک آئے ہیں، دھماکے سے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔