راولپنڈی: ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں 27 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے،2 سیکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 27 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح سیکیورٹی فورسز نے کلاچی میں انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
فیصل آباد: پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے فیصل خان نیازی گرفتار
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو جوان شہید ہوئے۔ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 دسمبر کی صبح چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے درابن میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا گیا۔
جس کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو چوکی سےٹکرا دیا۔ چوکی سے گاڑی ٹکرانے کے بعد خودکش حملہ کیا گیا۔ دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گر گئی، تئیس بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
تمام چھ دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشنز جاری ہے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمےکے لیے پرعزم ہے۔ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔